جھارکھنڈ میں بی جے پی آفس کو آئی ای ڈی دھماکے سے نقصان

جمشیدپور 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ کے ضلع سیرائے کیلا ۔ کھرسوان میں بی جے پی کے دفتر کو مشتبہ ماؤسٹوں کے آئی ای ڈی دھماکے میں جزوی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس نے کہاکہ اِس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندن کمار سنہا نے بتایا کہ 4 مسلح آدمی جمعہ کی صبح کھرسوان کے پارٹی آفس پہونچے اور وہاں محو خواب دو تین لوگوں کو کھینچ کر عمارت سے نکال دیا اور عصری دھماکو آلہ نصب کیا۔ ایس پی نے کہاکہ جس طریقہ سے دھماکہ کیا گیا اُس سے ماؤسٹوں کے ملوث ہونے کا پتہ چلتا ہے۔

جموں و کشمیر میں مودی حکومت اسمبلی
چناؤ کرانے سے قاصر : عمرعبداللہ
سرینگر 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ ملک میں لوک سبھا انتخابات کے دوران آئی پی ایل ٹورنمنٹ منعقد کرانے کا کریڈٹ لے رہے ہیں حالانکہ مرکز کی بی جے پی حکومت 1996 ء کے بعد سے پہلی حکومت ہے جو جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کرانے سے قاصر ہے۔ عمر نے ٹوئٹ کیاکہ مودی حکومت 1996 ء کے بعد سے اوّلین ہے جو جموں و کشمیر میں شیڈول کے مطابق اسمبلی انتخابات سے قاصر ہے یا انعقاد نہیں چاہتی ہے۔