تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد ملک کیلئے خطرہ : جئے رام رمیش
کڑپہ2 مئی ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر مسٹر جئے رام رمیش نے آج پیش قیاسی کی کہ وائی ایس آر کانگریس کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی انتخابات کے بعد مرکز میں بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملا سکتے ہیں۔ جئے رام رمیش نے کڑپہ ضلع کانگریس کمیٹی کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے عدالتوں کی ہدایت کی بنیاد پر جگن کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں کانگریس نے ایسا نہیں کیا ہے ۔ جگن کے خلاف درج مقدمات سے کانگریس کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی کو اگر اقتدار مل جائے تو وہ چیف منسٹر کے فرائض انجام نہیں دے پائیں گے کیونکہ ان کے خلاف عدالتوں میں کئی مقدمات ہیں۔ جگن فی الحال ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے جو کچھ بھی فلاحی اسکیمات اور پروگرامس شروع کئے تھے وہ در اصل کانگریس پارٹی کی اختراع تھے ۔ انہوں نے اس خیال کو مسترد کردیا کہ تمام اسکیمات اور پروگرامس راج شیکھر ریڈی کے خود کے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں لوگ کہا کرتے تھے کہ گولکنڈہ میں خزانہ ہے ۔ اب یہ خزانہ وائی ایس آر کانگریس کے پاس آگیا ہے اور اس نے انتخابات کیلئے بھاری رقومات خرچ کی ہیں۔ مسٹر رمیش نے ادعا کیا کہ تمام قائدین نے اپنے کاروباری اور تجارتی مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں سے انحراف کیا ہے ۔ یہ عوام کے فماد میں کیا گیا فیصلہ نہیں ہے ۔ ہم کانگریس چھوڑنے والے قائدین سے اظہار تشکر کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے پارٹی میں نئے قائدین کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد کے حق میں ووٹ دیا تو ملک خطرہ میں پڑ جائیگا ۔