جگن ‘ کے سی آر کے فرنٹ کا حصہ کے ٹی راما راو کا خطاب

حیدرآباد 30 مارچ ( این ایس ایس ) ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راو نے آج الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم مودی پرکشش تقاریر کر رہے ہیں اور وہ عوام کیلئے اسکیمات پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔ نرسم پیٹ حلقہ میں انتخابی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے مودی سے کہا کہ وہ غریبوں کے بینک اکاونٹس میں رقومات جمع کروانے کا دھوکہ دینے کی بجائے پالمور پراجیکٹ کو قومی پراجیکٹ کا درجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سال کے دوران مرکزی حکومت نے تلنگانہ کیلئے کچھ نہیں کیا ہے اور بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ کے سی آر کا فیڈرل فرنٹ دوسروں کے ساتھ مل کر فیصلہ کن موقف حاصل کریگا ۔ اس فرنٹ میں ممتابنرجی ‘ نوین پٹنائک ‘ مایاوتی ‘ اکھیلیش یادو اور جگن موہن ریڈی شامل رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ریاست میں 16 لوک سبھا حلقوں سے کامیابی حاصل کرکے مرکز میں وزیر اعظم کے انتخاب میں اہم رول ادا کریگی ۔