حملہ واقعہ کی غیر جانبداری تحقیقات پر زور ، کے راما کرشنا کا ردعمل
حیدرآباد /31 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش سی پی آئی نے ریاستی تلگودیشم حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ گذشتہ دنوں وشاکھاپٹنم ایرپورٹ میں قائد اپوزیشن آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی پر پیش آئے حملہ کے واقعہ پر کم از کم مزاج پرسی نہ کرنا غلطی ہے ۔ کیونکہ ایک اپوزیشن قائد پر قاتلانہ حملہ کا واقعہ پیش آیا اور کم از کم ان کے ساتھ اظہار یگانگت کرنا چیف منسٹر کا فرض بنتا ہے ۔ آج اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کے راما کرشنا سکریٹری آندھراپردیش سی پی آئی کمیٹی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ مسٹر جگن پر حملہ کا واقعہ انتہائی بدبختانہ بات ہے ۔ لہذا مسٹر جگن موہن ریڈی پر پیش آئے قاتلانہ حملے کے واقعہ کی ایک آزادانہ ایجنسی کے ذریعہ مکمل طور پر غیر جانبدارانہ انداز میں مکمل تحقیقات کروانے کا ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کے عوام کا ملک میں کوئی تعلق نہ رہنے جیسا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ سکریٹری ریاستی سی پی آئی کمیٹی آندھرپردیش مسٹر راما کرشنا نے کہا کہ آئندہ ماہ 3 نومبر کو وجئے واڑہ میں تمام بائیں بازو جماعتوں کے منعقد ہونے والے اہم اجلاس میں مرکزی و ریاستی حکومتوں کی اختیار کی جانے والی پالیسیوں پر تفصیلی غور و خوص کیا جائے گا ۔