جگن کی یاترا کو سبوتاج کرنے حکومت کوشاں

وائی ایس آر کانگریس پارٹی رکن اسمبلی روجا کا الزام
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی رکن اسمبلی روجا نے جگن موہن ریڈی کی پدیاترا کو سبوتاج کرنے کی سازش تیار کرنے کا تلگو دیشم حکومت پر الزام عائد کیا ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو سازش تیار کرنے کا برانڈ ایمبسیڈر قرار دیا ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روجا نے کہا کہ قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی کی پدیاترا ، تلگو دیشم حکومت کی آخری یاترا ثابت ہوگی جس سے چندرا بابو نائیڈو پر خوف طاری ہوگیا ہے ۔ بیٹی کو دینے والے این ٹی آر کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والے چندرا بابو نائیڈو سازش تیار کرنے میں ماہر ہے ۔ انہوں نے تنی تشدد کو تلگو دیشم کا کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ جگن موہن ریڈی کی پدیاترا کو ناکام بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ مگر وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی پولیس اور عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ حکومت کی سازش سے خبردار رہیں ۔ پدیاترا کے ذریعہ جگن موہن ریڈی حکومت کی ناکامیوں کا پردہ فاش کریں گے ۔ غلطیاں کرنا تلگو دیشم حکومت کی عادت بن چکی ہے ۔ پرجا سنکلپ یاترا کے آغاز کے ساتھ ہی تلگو دیشم حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوجائے گی ۔۔