جگن کی یاترا پر عوام کو بھروسہ نہیں

چندرا بابو حکومت میں ریاست کی ترقی ، اچم نائیڈو وزیر ٹرانسپورٹ کا پریس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے وزیر ٹرانسپورٹ اچم نائیڈو نے کہا کہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی کی پدیاترا پر عوام کو بھروسہ نہیں ہے ۔ سریکاکلم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اچم نائیڈو نے کہا کہ ریاست جب مسائل سے دوچار تھی اور عوام پریشان تھے تب آنجہانی این ٹی آر سے چندرا بابو نائیڈو تک کئی قائدین نے پدیاترا کیا اور عوام نے اس کا والہانہ خیر مقدم کیا ۔ تب کی بات اور ہے ۔ جب عوام مختلف مسائل کا شکار تھے ۔ اب حالت پوری طرح تبدیل ہیں ۔ ریاست کی تقسیم خسارے بجٹ کے باوجود چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ۔ جس سے ریاست کے عوام مطمئن ہیں۔ ایسے وقت قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی پدیاترا کررہے ہیں جس کو عوامی تائید حاصل نہیں ہوگی ۔ وائی ایس آر پارٹی کے قائدین پیسے خرچ کرتے ہوئے عوام کو جمع کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایڈو پالا پایا سے شروع کردہ پدیاترا اچھا پورم پہونچنے تک اس میں صرف جگن موہن ریڈی کے ارکان خاندان ہی باقی رہ جائیں گے ۔ قائد اپوزیشن پر پدیاترا کے نام پر سیاسی ڈرامہ بازی کرنے کا الزام عائد کیا ۔۔