تقریب سے قبل جگن سے رہائش گاہ پر تلگودیشم ارکان اسمبلی کی ملاقات
حیدرآباد ۔29مئی ( سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے 30مئی کو وائی ایس جگن موہن ریڈی کی منعقد ہونے والی حلف برداری تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ حلف برداری تقریب سے قبل ارکان اسمبلی تلگودیشم پارٹی مسرس بی کیشو، کے اچن نائیڈو اور جی سرینواس راؤ کو جگن موہن ریڈی کی قیامگاہ روانہ ہوکر مبارکباد پیش کریں گے ۔ اس فیصلہ سے قبل تلگودیشم مقننہ پارٹی کے اجلاس میں وائی ایس جگن موہن ریڈی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے کے مسئلہ پر انتہائی دلچسپ مباحث ہوئے اور مسٹر جگن موہن ریڈی کے مدعو کرنے کے طریقہ کار پر اعتراض کیا گیا جبکہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے کیلئے اپنا ذہن بنالیا تھا ۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اگر راج بھون میں یہ تقریب منعقد ہوئی تو شرکت کی جاسکتی تھی لیکن عوامی تقریب کے طرز پر منعقد کی جانے والی اس تقریب میں شرکت کوئی مناسب بات نہیں ہوگی ۔ لہذا پارٹی کی جانب سے چند ارکان اسمبلی کو روانہ کر کے مبارکباد پیش کرنے کی ارکان اسمبلی کی تجویز سے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اتفاق کیا ۔ اس موقع پر پارٹی کی ناکامی کے تعلق سے ارکان اسمبلی سے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے معلومات حاصل کئے اور بتایا گیا کہ ’’ ایک موقع دیں ‘‘ کا نعرہ ہی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی کامیابی کا سبب بنا ہے ۔ تلگودیشم مقننہ پارٹی کے اجلاس کا اختتام عمل میں آنے کے ساتھ ہی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ارکان پارلیمان تلگودیشم کا اجلاس طلب کیا اور قائدین کا انتخاب کیا اور وجئے واڑہ میں عارضی پارٹی آفس قائم کرنے کا بھی اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ۔