جگن کی پدیاترا کیلئے سکیوریٹی انتظام کیا جائے

ڈی جی پی آندھرا پردیش سے وائی ایس آر کانگریس کا مطالبہ
امراوتی 2 نومبر ( پی ٹی آئی ) وائی ایس آر کانگریس نے آج آندھرا پردیش کے ڈی جی پی ( انچارچ ) کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے وائی ایس جگن موہن ریڈی کی 70 روزہ پد یاترا کیلئے ضروری سکیوریٹی انتظامات کی خواہش کی ہے ۔ جگن کو پہلے ہی زیڈ زمرہ کی سکیوریٹی حاصل ہے ۔ جگن کی یاترا کا 6 نومبر سے آغاز ہونے والا ہے ۔ ریاست کے ڈی جی پی اور ڈپٹی چیف منسٹر ( داخلہ ) کا یہ اصرار ہے کہ اس طرح کی یاترا کیلئے قبل از وقت اجازت ضروری ہے ۔ تاہم وائی ایس آر کانگریس کا کہنا ہے کہ این چندرا بابو نائیڈو نے بھی قائد اپوزیشن کی حیثیت سے اس وقت کوئی اجازت حاصل نہیں کی تھی جب انہوں نے 2012-13 میں اسی طرح کی پد یاترا کی تھی ۔ آندھرا پردیش اسمبلی میں قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ریاست کے دو کروڑ عوام سے رابطہ کرنے کیلئے پرجا سنکلپ یاترا کا اہتمام کرینگے ۔ ریاستی پولیس سربراہ کے نام اپنے مکتوب میں جگن کے پرائیوٹ سکریٹری پی کرشنا موہن ریڈی نے کہا کہ اس یاترا کا آر کے ویلی ( ایڈو پولہ پایا ) ضلع کڑپہ سے آغاز ہوگا اور یہ 13 اضلاع میں 3,000 کیلومیٹر کا احاطہ کرنے کے بعد سریکا کلم ضلع میں اچا پورم کے مقام پر اختتام کو پہونچے گی ۔