جگن کی پدیاترا میں تشدد کے امکان پر احتیاطی اقدامات

چیف منسٹر اے پی چندرا بابو کی پولیس عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے جگن موہن ریڈی کی پدیاترا میں تشدد پھوٹ پڑنے کے شکوک کا اظہار کرتے ہوئے تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی پولیس کو ہدایت دی اور پدیاترا پر ردعمل کااظہار کیے بغیر حکومت کے ترقیاتی و تعمیری کاموں کو اجاگر کرنے کا تلگو دیشم قائدین کو مشورہ دیا ۔ امراوتی میں چندرا بابو نائیڈو کی قیادت میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ وزراء سکریٹریٹ سے اضلاع تلگو دیشم صدور ارکان اسمبلی اور اسمبلی حلقوں کے انچارجس نے اضلاع ہیڈکوارٹرس سے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے قائد اپوزیشن اور صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی کی پدیاترا پر ردعمل کا اظہار کرنے کے بجائے تلگو دیشم حکومت کی پالیسیوں سے عوام کو واقف کرانے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ابتداء سے تنازعات پیدا کرنے کی سازش کررہی ہے ۔ نائیڈو نے کاپو تحفظات جلسہ عام کے موقع پر جس طرح تنی میں ٹرین کو نذر آتش کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ اس طرح تشدد کے واقعات بھڑکنے کے شکوک کا اظہار کیا ہے ۔ پولیس کے ساتھ پارٹی کارکنوں کو بھی متحرک رہنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی حکومت کا سامنا کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ اس لیے اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس طرح کا فیصلہ کرتے ہوئے اپوزیشن سیلف گول کا شکار ہوچکی ہے ۔۔