مناسب وقت پر انکشاف کیا جائے گا: وائی رام کرشنوڈو
حیدرآباد۔ 2 مارچ (سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی نے کہا کہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے کرپشن و باقاعدگیوں کا مکمل ریکارڈ ان کے پاس موجود ہے اور مناسب وقت پر تفصیلات کا انکشاف کیا جائے گا۔ قائد اپوزیشن ریاستی قانون ساز کونسل و سینئر قائد تلگو دیشم پارٹی مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی اور بتایا کہ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی زیرقیادت سابق حکومت میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں اور کرپشن کے واقعات پیش آئے تھے جن میں جگن ہی راست ملوث تھے۔ انہوں نے آئندہ دنوں میں تلگو دیشم پارٹی کے دوبارہ برسراقتدار آنے پر جگن موہن ریڈی کی باقاعدگیوں و کرپشن کے ذریعہ کمائی دولت و املاک کو ضبط کرلینے کا سخت انتباہ دیا۔
مسٹر کرشنوڈو نے سابق تلگو دیشم حکومت کی کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ سابق تلگو دیشم حکومت نے اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور عوام بھی اس وقت حکومت کی کارکردگی سے خوش تھے، بالخصوص بہتر نظم و نسق کے باعث عوام کو مسائل درپیش نہیں تھے، لیکن کانگریس زیرقیادت ریاستی حکومتوں پر بڑے پیمانے پر باقاعدگیوں و کرپشن وغیرہ میں زبردست اضافہ ہوا ہے لہذاب اب ریاست کے عوام دوبارہ تلگو دیشم کو برسراقتدار لانے کا تہیہ کرلیا ہے اور بالخصوص صدر تلگو دیشم مسٹر چندرا بابو نائیڈو کو چیف منسٹر دیکھنا چاہتے ہیں اور عوام کی اس خواہش کے مطابق مسٹر کرشنوڈو نے بھی اس توقع کا اظہار کیا کہ مسٹر نائیڈو چیف منسٹر ضرور بنیں گے۔ قائد اپوزیشن ریاستی قانون ساز کونسل مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے یہ پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو 20 سے زیادہ نشستیں حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ ریاست کے عوام مسٹر جگن موہن ریڈی کی حقیقت سے واقف ہیں۔