جگن کو چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کا حق نہیں

وائی ایس آر کانگریس لیڈر زبان قابو میں رکھیں:پی رگھو ناتھ ریڈی
حیدرآباد 21 ستمبر ( این ایس ایس) آندھرا پردیش کے وزیر اطلاعات ٹی رگھوناتھ ریڈی نے آج کہا کہ عوامی سرمائے کی مبینہ لوٹ مار کرنے والے وائی ایس جگن موہن ریڈی کو چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ رگھو ناتھ ریڈی نے وشاکھاپٹنم ضلع پریشد آفس کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں مختلف ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جگن کو چاہئے کہ وہ اپنی زبان قابو میں رکھے ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو وسیع تر تجربہ رکھتے ہیں اور وہ ریاست کو ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے ۔ چندرا بابو نائیڈو 9 سال تک بحیثیت چیف منسٹر ریاست پر حکمرانی کرچکے ہیں اور 10 سال تک اپوزیشن لیڈر کا رول ادا کرچکے ہیں ان پر رشوت کے کوئی الزامات بھی نہیں ہے۔ جگن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جگن نے جب ان کے والد چیف منسٹر تھے ایک لاکھ کروڑ روپئے کی دولت بٹورا ہے ۔ وہ (جگن ) رکن پارلیمنٹ رہے ہیں لیکن ایک وقت بھی پارلیمنٹ میں کبھی کوئی مسئلہ پر بات نہیںکی۔ انہیں چاہئے کہ چندرا بابو نائیڈو کے خلاف الزامات عائد کرنے سے باز رہیں۔