جگن کو اسپیکر اسمبلی کی وارننگ اپوزیشن کا واک آؤٹ

حیدرآباد۔/25مارچ، ( این ایس ایس ) آندھرا پردیش اسمبلی کے اسپیکر کے سیوا پرساد راؤ نے آج قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی کو ایوان کی کارروائی کے دوران خلل اندازی کے خلاف خبردار کیا اور کہا کہ وہ ایوان کو اپنے کنٹرول میں لینے کی کوشش نہ کریں۔ اسپیکر نے کہا کہ اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس ارکان ہمیشہ یہ لائحہ عمل اختیا رکرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ جگن اور ان کی پارٹی کے ارکان جب بھی بات کریں تب ایوان میں خاموشی اختیار کی جائے اور جس وقت ایوان کی کارروائی چلتی رہے اور وزراء بات کریں تب گڑبڑ جاری رکھی جائے۔ اسپیکر نے کہا کہ جگن اور ان کی پارٹی کے ارکان کا یہ طرز عمل بہتر نہیں۔ انہوں نے یہ مشورہ دیا کہ وزراء کو مختلف سوالات کے جواب دینے کا موقع دیا جانا چاہیئے ۔ اگر انہیں کوئی شبہ ہو تو وہ وضاحت طلب کرسکتے ہیں۔ اپوزیشن ارکان نے آج بھی ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ اسمبلی میں قبل ازیں عوامی بہبود پر مباحث کے دوران حکمراں تلگودیشم اور اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان میں لفظی بحث جاری رہی۔