جگن پر سینئر پارٹی قائدین کو نظرانداز کرنے کا الزام

حیدرآباد /7 جنوری (سیاست نیوز) علاقہ رائلسیما سے تعلق رکھنے والے وائی ایس آر کانگریس کے سینئر قائد و سابق ریاستی وزیر ماریپا نے جگن موہن ریڈی پر پارٹی کے سینئر قائدین کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ جرأت مند نہ ہوتے اُدے (تلگو ہیرو) کی طرح خود کشی کرلیتے۔ انھوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تائید کرتے ہوئے آرٹیکل 3 کے تحت مرکز سے ریاست کی تقسیم کا مطالبہ کیا۔ دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ماریپا نے کہا کہ وہ راج شیکھر ریڈی کا احترام کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس میں شامل ہوئے تھے، تاہم پارٹی میں دلتوں اور سینئر قائدین کو اہمیت نہیں دی جا رہی ہے، صرف ریڈی طبقہ کی اجارہ داری ہے، جب کہ صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی کو صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی ارکان کو اہمیت نہیں دی جا رہی ہے، جنھوں نے پارٹی کے استحکام میں اہم رول ادا کیا تھا، تاہم کانگریس،

ٹی آر ایس اور تلگودیشم چھوڑکر وائی ایس آر کانگریس میں شامل ہونے والوں کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ جگن موہن ریڈی کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے، ورنہ کافی دیر ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو کوئی طاقت روک نہیں سکے گی۔ حیدرآباد میں سرمایہ کاری کرنے والے 11 تاجرین (جو سیاست کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں) اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انھوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل پر اعتراض نہ ہونے کا ادعا کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی ریاستوں میں انتظامی امور پوری طرح کنٹرول میں ہوتے ہیں۔