جگن موہن ریڈی کی یاترا ،ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

حیدرآباد12دسمبر(یواین آئی)وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ و ائی ایس جگن موہن ریڈی کی یاترا نے ایک اورسنگ میل کو عبور کرلیا ہے ۔آج اس یاتر ا کے 320دن مکمل ہوگئے ہیں۔جگن موہن ریڈی کی یاترافی الحال سریکاکلم ضلع میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔انہوں نے آج یاترا کا آغاز ضلع کے کرشنا پورم سے کیا ۔جگن کی اس یاترا کے سنگ میل کے عبور کرنے پر پارٹی کے لیڈروں ، کارکنوں، ان کے حامیوں کے ساتھ ساتھ عوام نے ان کو مبارکباد پیش کی۔جگن موہن ریڈی نے واضح کیا کہ اس یاترا کا مقصد عوام کے درمیان جاکر ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنا اور عوامی مسائل کو حل کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام کے درمیان جاکر ہی ا ن کی پارٹی کا منشور عوام سے لیا جائے اور یہ عوام کا منشور ہو۔انہوں نے اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ وہ عوام سے جڑے رہیں گے ۔ اس یاترا کے دوران وہ 175اسمبلی حلقوں کا احاطہ کریں گے ۔انہوں نے کڑپہ کے ایڈوپُلا پایہ سے اس یاترا کا آغاز کیا تھا ۔توقع ہے کہ وہ اپنی یاترا کی تکمیل سات ماہ میں کریں گے ۔انہوں نے گزشتہ سال 6نومبر کو اس یاترا کا آغاز کیا تھا۔جگن کی یاترا پر ان کی پارٹی کے لیڈروں اورکارکنوں میں کافی جوش وخروش پایا جاتا ہے ۔اس یاترا سے وائی ایس آرکانگریس کو کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ یاترا کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی کے لیڈر کافی کوشش کر رہے ہیں۔