جگن موہن ریڈی کی تڑپ سے راج شیکھر ریڈی کی یاد تازہ

حیدرآباد /12 مارچ (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس کی اعزازی صدر وجیہ اماں نے کہا کہ عوام کے لئے جگن موہن ریڈی کی تڑپ دیکھ کر انھیں راج شیکھر ریڈی کی یاد تازہ ہو گئی۔ انھوں نے وائی ایس آر کانگریس کی تین سال کی تکمیل پر پارٹی آفس پر منعقدہ یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پارٹی پرچم کشائی کے علاوہ کیک بھی کاٹا گیا۔ اس تقریب میں مسٹر عامر علی خاں اور وجیہ ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ مسز وجیہ اماں نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی نے علاقہ واریت، مذہب اور ذات پات سے بالاتر ہوکر ریاست کے تینوں علاقوں کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا،

تاہم ان کی موت کے بعد ریاست کے عوام مسائل کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سماج کا ہر طبقہ حکومت کی پالیسیوں سے پریشان ہے، برقی شرحوں میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، جب کہ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے میں ناکام ہو گئے، تاہم سیاسی مفاد کے لئے ریاست کی تقسیم میں انھوں نے اہم رول ادا کیا۔ وائی ایس آر کانگریس نے ریاست کو متحد رکھنے کے لئے لمحہ آخر تک جدوجہد کی، مگر کانگریس، بی جے پی اور تلگودیشم نے ایک دوسرے سے ساز باز کرکے ریاست کو تقسیم کردیا اور اب عوامی خدمات کے لئے جگن موہن ریڈی کے بڑھتے قدم کو روکنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس دونوں علاقوں (تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا) کی ترقی کے لئے کام کرے گی انھوں نے دونوں علاقوں کے عوام سے جگن موہن ریڈی کو آشیرواد دینے کی اپیل کی۔