حیدرآباد 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) گورنمنٹ چیف وہپ مسٹر جی وینکٹ رمنا ریڈی نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد جگن موہن ریڈی کی جانب سے اسپیکر اسمبلی پر کی جانے والی تنقید کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے وائی ایس جگن موہن ریڈی سے مطالبہ کیاکہ وہ اسپیکر اسمبلی مسٹر این منوہر پر کئے گئے ریمارکس اور اُن کے خلاف جاری کردہ بیان میں استعمال کردہ الفاظ سے فوری دستبرداری اختیار کریں۔ اُنھوں نے بتایا کہ اسپیکر اسمبلی کے متعلق نازیبا الفاظ کا استعمال درست نہیں ہے۔
گورنمنٹ چیف وہپ مسٹر جی وینکٹ رمنا ریڈی نے بتایا کہ اگر وائی ایس آر کانگریس قائد اپنے بیان پر برقرار رہتے ہوئے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہیں یا اسپیکر کے خلاف کئے گئے ریمارکس سے دستبرداری اختیار نہیں کرتے ہیں تو ایسی صورت میں اُنھیں ایوان کے حقوق کی خلاف ورزی پر نوٹس بھی جاری کی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے انتباہ دیا کہ فوری طور پر اسپیکر کے خلاف استعمال کردہ نازیبا الفاظ سے عدم دستبرداری کی صورت میں جگن موہن ریڈی سخت کارروائی کے لئے تیار رہیں۔