وسیع تر انتظامات ، سکریٹریٹ میں شایان شان استقبال کی تیاریاں
حیدرآباد /29 مئی ( سیاست نیوز ) نئی ریاست آندھراپردیش کے دوسرے چیف منسٹر کی حیثیت سے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی 30 مئی کو اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم گراؤنڈ پر حلف لیں گے ۔ ریاستی گورنر آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن انہیں چیف منسٹر عہدے کا حلف دلائیں گے ۔ جگن موہن ریڈی اپنی حلف برداری تقریب کے فوری بعد نریندر مودی کی بحیثیت وزیر اعظم حلف لینے کی تقریب میں شرکت کرنے کیلئے دہلی کے دورہ پر روانہ ہوجائیں گے ۔ اور دہلی کے دورہ سے جمعہ کے دن واپسی کے بعد بروز ہفتہ یکم جون کو ہی بحیثیت چیف منسٹر ریاستی سکریٹریٹ پہونچیں گے ۔ جہاں ان کا شایان شان خیرمقدم کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اب تک ہی ریاستی سکریٹریٹ میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹرس چیمبر کابینہ کے اجلاس کا ہال ، ہیلی پیاڈ ، چیف منسٹر کانوائے کاروں کے قافلہ کی روٹ کا وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد مسٹر وائی وی سبا ریڈی نے مکمل جائزہ لیا ہے ۔ ضلع کلکٹر کرشنا ڈسٹرکٹ مسٹر امتیاز حلف تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور بالخصوص شدید گرما کے پیش نظر حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے والے اہم ترین شخصیتوں قائدین اور عوام کو بھی کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آنے احتیاطی اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اب تک ہی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کے نگرانکار چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو کو نومنتخب چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن نے دعوت دی ہے ۔ انہوں نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کو فون کرکے ربط پیدا کیا ۔ لیکن وہ اس وقت کسی میٹنگ میں مصروف رہنے کی وجہ سے مسٹر جگن موہن ریڈی ان سے بات نہیں کرسکے ۔ تاہم ان کے اس پیام کو مسٹر نائیڈو تک پہونچانے کی خواہش کی ۔ جگن موہن ریڈی نے قومی سکریٹری سی پی آئی ایم مسٹر سیتارام یچوری اور ریاستی سکریٹری سی پی آئی ایم آندھراپردیش مسٹر پی مدھو ، قومی سکریٹری سی پی آئی ایس سدھاکر ریڈی اور ریاستی سکریٹری سی پی آئی مسٹر راما کرشنا کے علاوہ صدر جنا سینا پارٹی مسٹر پون کلیان کو بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کی دعوت دی ۔