جگن موہن ریڈی کو راحت  ضمانت منسوخ کرنے سی بی آئی کی درخواست مسترد

حیدرآباد 28 اپریل ( پی ٹی آئی ) سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے ایجنسی کی جانب سے وائی ایس آر کانگریس کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی ‘ اپنی کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے متعلق مقدمات میں ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا ۔ سی بی آئی نے گذشتہ مہینے درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ جگن کی ضمانت کو منسوخ کردیا جائے کیونکہ انہوں نے ایک اہم گواہ استغاثہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہوئے ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی نے پرنسپل اسپیشل جج کی عدالت میں پیش کردہ اپنی درخواست میں کہا تھا کہ کیس کے گواہ و سابق چیف سکریٹری پی رما کانت ریڈی نے جگن موہن ریڈی کی ملکیت والے ایک اخبار و ایکٹی وی چینل کو اپنے انٹرویو کے دوران سی بی آئی کو دئے گئے اپنے بیان کے مغائر اور متضاد بیان دیا تھا اور ریمارکس کئے تھے ۔ سی بی آئی نے مزید کہا تھا کہ رما کانت ریڈی کا یہ بیان جگن موہن ریڈی اور دوسروں کے خلاف زیر تصفیہ مقدمات پر اثر انداز ہوسکتے تھے ۔ دلائل و جوابی بحث کی سماعت کے بعد عدالت نے پہلے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا تاہم بعد میں فیصلہ سناتے ہوئے سی بی آئی کی در خواست کو مسترد کردیا ۔ اس وقت جگن موہن ریڈی عدالت میں موجود تھے ۔ اس دوران عدالت نے آج جگن کو پندرہ دن کیلئے نیوزی لینڈ جانے کی اجازت بھی دیدی ۔