پرجا سنکلپ یاترا کے آغاز پر نیک تمناؤں کا اظہار ، چندرا بابو پر سازش رچنے کا الزام
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی اعزازی صدر سابق رکن اسمبلی وجیہ اماں نے پدیاترا کرنے والے اپنے فرزند وائی ایس جگن موہن ریڈی کو آشیرواد دینے کی آندھرا پردیش کے عوام سے اپیل کی ہے ۔ وجیہ اماں نے کہا کہ ان کے فرزند عوامی مسائل کا جائزہ لینے کے لیے سنکلپ یاترا کا آغاز کیا ہے ۔ جو 6 ماہ تک جاری رہے گی ۔ 30 ہزار کیلو میٹر پدیاترا کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی عوام بالخصوص سماج کے تمام طبقات سے ملاقات کریں گے ۔ ان کے مسائل کو سننے اور جاننے کے بعد اس کو عام انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور میں شامل کیا جائے گا ۔ جذبات سے مغلوب وجیہ اماں نے بتایا کہ ان کی آنکھوں نے ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی اور شرمیلا کی پدیاترا کو دیکھا ہے ۔ اب وہ اپنے فرزند کو عوام کے حوالے کررہی ہیں ۔ انتخابات میں عوام سے جو بھی وعدے کئے گئے تھے چندرا بابو نائیڈو نے ان میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا ۔ جگن کی یاترا سے چیف منسٹر آندھرا پردیش خوفزدہ ہیں اور پدیاترا کو سبوتاج کرنے کی سازش تیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا جب چندرا بابو نائیڈو نے پدیاترا کی تھی تب انہوں نے کوئی اجازت حاصل کی تھی ۔ ماضی میں راج شیکھر ریڈی ، شرمیلا بھی پدیاترا کرچکے ہیں ۔ آزادی سے قبل گاندھی جی اور ونوبا بھاوے بھی پدیاترا کرچکے ہیں ۔ احتجاج درج کرانے کیلئے پدیاترا کیا جاتا ہے ۔۔