شائستہ زبان استعمال کرنے کا مشورہ : ورلہ رامیا کا بیان
حیدرآباد 27 فبروری ( این ایس ایس ) وائی ایس آر کانگریس اور اس کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی پر سخت تنقید کرتے ہوئے اے پی ہاوزنگ کارپوریشن کے صدر و تلگودیشم لیڈر وی رامیا نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس کے ارکان اسمبلی جو حال ہی میں تلگودیشم میں شامل ہوئے ہیں وہ اب خود کو آزاد محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس کے قائدین جگن کی قیادت میں
گھٹن محسوس کر رہے تھے اور جو لوگ اب تلگودیشم میں شامل ہوگئے ہیں وہ خود کو آزاد محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی ایسی ریاست نہیں ہے جہاں اپوزیشن لیڈر پر فوجداری مقدمات ہوں لیکن جگن موہن ریڈی کو فوجداری مقدمات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ اپوزیشن قائد راج بھون اور عدالت کے احاطہ کو اپنے اجلاسوں کی جگہ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ جگن کی جانب سے سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے استعمال کی جانے والی زبان پر اعتراض کرتے ہوئے رامیا نے خبردار کیا کہ جگن اس طرح کی زبان استعمال کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے جگن سے کہا کہ وہ اپنی پارٹی لیڈر روجا پر لگام کسیں کیونکہ وہ بھی جگن کی طرح قابل مذمت رویہ اختیار کر رہی ہیں ۔واضح رہے کہ حالیہ ایام میں وائی ایس آر کانگریس کے کچھ ارکان اسمبلی کی تلگودیشم میں شمولیت کے بعد سے دونوں جماعتوںمیں لفظی جنگ شروع ہوگئی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس نے بھی تلگودیشم پر تنقیدیں کی ہیں۔