جگن موہن ریڈی اور وجئے سائی ریڈی پر مجرمانہ ریکارڈ

چندرا بابو کے جائزہ اجلاس پر سوال اٹھانے کے خلاف کٹنبا راؤ کا ردعمل
حیدرآباد /24 اپریل ( سیاست نیوز ) نائب صدرنشین آندھراپردیش ریاستی منصوبہ بندی کمیشن مسٹر کٹنبا راؤ نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اور رکن پارلیمان وجئے سائی ریڈی کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ دونوں ہی مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے جگن موہن ریڈی اور وجئے سائی ریڈی سے واضح طور پر دریافت کیا کہ آیا وہ ضمانت پر رہائی کی شرائط پر عمل کر رہے ہیں ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر راؤ نے ٹوئیٹر کے ذریعہ مسٹر وجئے سائی ریڈی کے پوسٹ کئے جانے والے غیر شائستہ ریمارکس کو ٹوئیٹر سے حذف کردینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ رہنے کے باوجود مرکزی کابینہ کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔ لیکن دریافت کیا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو پولاورم پراجکٹ کے کاموں کا انتخابات منعقد ہونے کے بعد جائزہ اجلاس طلب کرنے کس طرح غلط بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو حاصل اختیارات کے تعلق سے خود ریاستی چیف سکریٹری اظہار کریں اور کن کی ہدایات پر چیف سکریٹری نے کاونٹنگ سے متعلق کئے جانے والے انتظامات کے سلسلہ جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ واضح کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اپنے اس شکوک و شبہ کا اظہار کیا کہ بی جے پی کی کٹھ پتلی بنے ہوئے الیکشن کمیشن کے مشورہ پر ہی ریاستی چیف سکریٹری آندھراپردیش نے جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ووٹوں کی گنتی سے متعلق کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ اجلاس طلب کرنے کا ریاستی چیف سکریٹری کو کوئی اختیار نہیں ہے ۔