صدر وائی ایس آر کانگریس پر ایک لاکھ کروڑ کی دولت جمع کرنے کا الزام : راما کرشنوڈو
حیدرآباد /23 جنوری ( سیاست نیوز ) وزیر فینانس و امور مقننہ آندھراپردیش وائی راما کرشنوڈو نے کہا کہ مختلف اسکینڈلس و بے قاعدگیوں کے واقعات ہی صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کیلئے ’’ نورتن ‘‘ کے مترادف ہیں ۔ انہو ںنے جگن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جگن کے جرائم و متعدد بے قاعدگیوں کی کاپی کرنے کی کسی میں ہمت ہی نہیں ہے ۔ راما کرشنوڈو نے جگن موہن ریڈی کی مبینہ بے قاعدگیوں کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ ہارورڈ یونیورسٹی میں وائی ایس جگن کی بے قاعدگیوں سے متعلق ایک خصوصی مضمون ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایم آر ٹیٹانیم ، ووکس ویاگن ، شراب ، باکسائیٹ معدفی ذخائر ، وان بک ، لیپاکشی ، جلایگنم و دیگر کئی اسکینڈلس و بے قاعدگیوں میں مسٹر جگن موہن ریڈی ملوث پائے جاتے ہیں ۔ وزیر نے جگن کو ہدف ملامت بناتے ہوئے دریافت کیا کہ آیا مسٹر جگن موہن ریڈی نے ایک لاکھ کروڑ روپئے دولت کمانے 13 چارج شیٹس کے علاوہ 16 ماہ جیل جانے کے ریکارڈ کے سواء اور کوئی اچھے ریکارڈ نہیں ہیں ۔ راما کرشنوڈو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاست میں برسر اقتدار تلگودیشم پارٹی حکومت کی کارکردگی سے واقف کروایا اور بتایا کہ حکومت نے غریب عوام کے پنشن رقومات میں اضافہ کرنے ، کاپو طبقہ کو پانچ فیصد تحفظات فراہم کرنے ، آٹو ڈرائیوروں کیلئے آٹو رکشاوں کے ٹیکس کو معاف کرنے کے اقدامات کرنے کے باوجود وائی ایس آر کانگریس پارٹی تلگودیشم حکومت پر غلط الزامات عائد کر رہی ہیں ۔