جگن موہن ریڈی ارکان اسمبلی کے انحراف کو روکنے کوشاں

تلگودیشم سے مبینہ ربط والے ارکان سے بات چیت ‘ سینئر قائدین سے تبادلہ خیال
حیدرآباد 26 فبروری ( این ایس ایس ) پارٹی کے کچھ ارکان اسمبلی کی جانب سے تلگودیشم میں شمولیت پر برہم وائی ایس آر کانگریس پارٹی سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی پارٹی میں انحراف کو روکنے سرگرم ہوگئے ہیں۔ چونکہ تلگودیشم قائدین کا یہ ادعا ہے کہ وائی ایس آر کانگریس کے زائد از 30 ارکان اسمبلی آندھرا پردیش میں تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرنے تیار ہیں جگن موہن ریڈی نے پارٹی ارکان اسمبلی کو روکنے پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ برسر اقتدار جماعت کی کوششوں کو ناکام بنانے کے مقصد سے وائی ایس جگن موہن ریڈی نے تمام اضلاع میںمشتبہ رویہ رکھنے والے اپنے ارکان اسمبلی سے مسلسل ملاقاتیں شروع کردی ہیں اور ان سے تبادلہ خیال بھی کر رہے ہیں۔ آج جگن موہن ریڈی نے گنٹور اور پرکاشم اضلاع کے پارٹی قائدین سے ملاقات کی اور انہوں نے پارٹی میں انحراف کو روکنے پر تبادلہ خیال کیا ۔ جگن موہن ریڈی نے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ ارکان اسمبلی کو برسر اقتدار جماعت سے کس طرح کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس دوران تلگودیشم پارٹی قائدین نے یہ ادعا کیا ہے کہ 5 مارچ تک وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی سے خالی ہوجائیگی ۔ اس طرح انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ وائی ایس آر کانگریس کے تقریبا تمام ارکان اسمبلی تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوجائیں گے ۔ پارٹی کے سینئر قائد بھوما ناگی ریڈی پہلے ہی تلگودیشم میں شامل ہوچکے ہیں ۔ اب یہ اطلاعات گشت کر رہی ہیں کہ میسورا ریڈی بھی وائی ایس آر کانگریس سے ترک تعلق کرتے ہوئے تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔