جگن موہن ریڈی آندھرا پردیش کو ٹی آر ایس کے پاس رہن رکھنے کوشاں

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اور صدر وائی ایس آر کانگریس کی سازش ، وائی راما کرشنوڈو کا الزام
حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : وزیر فینانس و امور مقننہ آندھرا پردیش وائی راما کرشنوڈو نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی پر برہمی کا اظہار کیا اور الزام عائد کیا کہ جگن آندھرا پردیش کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ہاں رہن رکھنے کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محض اپنے اقتدار کے حصول کے لیے آندھرا پردیش اور تلگو دیشم کے خلاف جگن موہن ریڈی چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ مل کر سازشیں مرتب کررہے ہیں اور ریاست کو چندرا شیکھر راؤ کے ہاں رہن رکھ دینے کی بھی سازش رچ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ، چندر شیکھر راؤ اور جگن موہن ریڈی تینوں مل کر جو سازشیں مرتب کررہے ہیں اس میں کامیابی حاصل ہونے کی صورت میں ریاست کو آبپاشی کے لیے پانی حاصل نہیں ہوگا اور قانون تقسیم آندھرا پردیش میں دئیے گئے تیقنات کی روشنی میں ریاست کو حاصل ہونے والی رقومات بھی حاصل نہیں ہوسکیں گی ۔ وائی راما کرشنوڈو نے ریاست کے تعلق سے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے جن خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سخت ریمارکس کیے تھے ان ریمارکس کو آندھرا پردیش کے عوام ہرگز نہیں بھولیں گے ۔ بلکہ وقت آنے پر ان ریمارکس کا موثر انداز میں جواب دیں گے ۔ وزیر نے ٹی آر ایس قائدین پر الزام عائد کیا کہ وہ شہر حیدرآباد میں مقیم آندھرائی عوام کو نت نئے طریقوں کے ذریعہ ہراساں کررہے ہیں اور آندھرا پردیش میں تلگو دیشم کے خلاف کام کرنے پر دباؤ ڈالا جارہا ہے اور تلگو دیشم کے خلاف کام نہ کرنے کی صورت میں انہیں سخت عواقب و نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔۔