حیدرآباد 26 فبروری ( پی ٹی آئی) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے وائی ایس آر کانگریس سربراہ جگن موہن ریڈی کے خلاف رقمی خرد برد تحقیقات اور بی سی سی آئی کے سابق صدر نشین ایس سرینواسن کے خلاف تجارتی فریقین کے مابین غیر قانونی سرمایہ کاری اور مبینہ طور پر اُلٹ پھیر کے مقدمے میں 232 کروڑ روپئے مالیتی اثاثہ جات ضبط کرلئے ۔ ایجنسی نے این سرینواسن کی جانب سے مبینہ طور پر رشوت کی ادائیگی کی تحقیقات کے سلسلہ میں فوجداری مقدمہ درج کیا ہے۔ این سرینواسن مسرس انڈیا سمنٹس لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر بھی ہیں اور انہوں نے اپنی کمپنی کو سابق آندھرا پردیش حکومت سے جس وقت جگن کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی چیف منسٹر تھے‘ فائدہ حاصل کرنے اور موافق فیصلوں کیلئے وائی ایس جگن موہن ریڈی کو رشوت ادا کی تھی۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے اپنے تازہ حکم نامہ میں جنانی انفراسٹرکچر لمیٹیڈ ( جگن کی ملکیت فرم) اور آندھرا پردیش و کرناٹک میں انڈیا سمنٹس کے فکسڈ ڈپازٹ اور حصص کو ضبط کرلیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ان اثاثہ جات کی مجموعی قدر 232.38 کروڑ روپئے ہے۔