احمدآباد ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دلت لیڈر جگنیش میوانی نے مہاراشٹرا میں دلتوں پر حملہ کے بعد وزیراعظم مودی پر تنقید کی۔ گذشتہ سال اگست میں گاؤرکھشکوں کے ذریعہ دلتوں پر حملہ کے بعد وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ اگر آپ کو شوٹ کرنا ہو تو مجھے شوٹ کیجئے، لیکن میرے دلت بھائیوں کے ساتھ ایسا نہ کریں۔ جگنیش میوانی نے وزیراعظم کے اسی بیان پر چٹکی لیتے ہوئے ٹوئیٹ کیا ہے۔ میوانی نے وزیراعظم کو مودی کی تقریر کا ویڈیو کلپ بھی اپنے ٹوئیٹ کے ساتھ منسلک کیا ہے ۔ میوانی نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا : ناستر دیمس یہ پیشن گوئی کرگئے تھے کہ 21 ویں صدی میں دنیا کا بہترین اداکار ہندوستان سے آئے گا۔ خیال رہیکہ جگنیش میوانی بھیما کورے گاؤں جنگ کی 200 ویں سالگرہ سے متعلق اس پروگرام میں موجود تھے جس کے بعد دلتوں پر حملہ ہوا تھا اور پھر تشدد کی آگ ممبئی سمیت پورے مہاراشٹرا میں پھیل گئی تھی۔
میوانی اور خالد کی تقریب ملتوی
مہاراشٹرا تشدد کا دونوں کے خلاف مقدمہ
ممبئی ؍ نئی دہلی ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پولیس نے ایک تقریب کی اجازت دینے سے انکار کردیا جس میں دلت قائد جگنیش میوانی اور طلباء قائد عمرخالد شرکت کرنے والے تھے۔ یہ تقریب آج مقرر تھی۔ مبینہ طور پر انہوں نے اشتعال انگیز تقریریں کی تھیں جن کے نتیجہ میں مہاراشٹرا میں ذات پات پر مبنی جھڑپیں اور تشدد ہوا تھا۔ پولیس کی کارروائی پرکاش امبیڈکر کی بھارپ بہوجن مہاسن کی بند کی اپیل کے ایک دن بعد منظرعام پر آئی۔ اس کی تائید بعض دیگر تنظیموں نے بھی کی تھی اور جس کی وجہ سے ممبئی اور دیگر کئی مقامات پر معمولات زندگی مفلوج ہوگئے تھے۔ یہ بند دلتوں کے خلاف تشدد کی ایماء پر منایا تھا جبکہ وہ بیما ۔ کورے گاؤں جنگ کی یکم ؍ جنوری کو سالگرہ تقریب منا رہے تھے ۔اس سے ممبئی اور دیگر کئی علاقوں میں تشدد پھوٹ پڑا تھا اور اپنے پیچھے تباہی کی داستان چھوڑ گیا تھا۔