جگدیشور ریڈی کے خلاف عائد کردہ الزامات پر قائم رہنے کا ادعا

حیدرآباد /3 جون (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے ریاستی وزیر جگدیشور ریڈی کے خلاف عائد کردہ بدعنوانیوں کے الزامات پر اٹل رہنے کا ادعا کیا۔ انھوں نے کہا کہ فیس باز ادائیگی اسکیم میں ہوئی بدعنوانیوں کے خلاف ان کے پاس ثبوت موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ کو بدعنوانیوں سے پاک کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں، مگر اپنے وزیر کے خلاف عائد کردہ الزامات کی تحقیقات سے گریز کر رہے ہیں، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی وزیر ان کے خلاف مختلف عدالتوں میں مقدمات درج کرواکر انھیں ڈرانے دھمکانے اور بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ گھبرانے والے نہیں ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ 13 جون کو لوک آیوکت میں ان کے الزام کی سنوائی ہے۔ لوک آیوکت نے اب تک تین مرتبہ نوٹس روانہ کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات سے جواب طلب کیا ہے، جب کہ ان محکمہ جات نے وقت طلب کیا ہے۔ انھوں نے جگدیشور ریڈی پر اپنی وزارت کا ناجائز فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے انھیں وزارت سے علحدہ کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔ انھوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ کو بے شعور کہنے اور ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کی جانب سے طلبہ کو کام کاج نہ ہونے کے ریمارکس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے مفادات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انھوں نے طلبہ تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیف منسٹر اور وزیر داخلہ کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ سے دست برداری تک احتجاج کریں، جس کی کانگریس پارٹی تائید کرے گی۔