مہلوکین کے ورثا کو فی کس پانچ لاکھ روپئے کی امداد ، کے سی آر کا اعلان
نئی دہلی / حیدرآباد ۔ /11 ستمبر( پی ٹی آئی) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند ، نائب صدر ، ایم وینکیا نائیڈو ، وزیراعظم نریندر مودی نے جگتیال میں آر ٹی سی بس کھائی میں گرجانے کے سبب 57 افراد کی ہلاکتوں پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ راشٹرپتی بھون کے اعلامیہ کے مطابق صدر ہند کووند نے کونڈہ گھاٹ سے واپس ہونے والی آر ٹی سی بس کے حادثہ سے دوچار ہونے اوراس کے نتیجہ میں 57 انسانی جانوں کے اتلاف پر مہلوکین کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ نائب صدر وینکیا نائیڈو اور وزیراعظم مودی نے بھی غمزدہ ور ثاء سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے ایک تعزیتی پیام میں اس حادثہ میں 57 افراد کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ۔ کارگذار چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس پانچ لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس صدر اتم کمار ریڈی نے مہلوکین کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فی کس 10 لاکھ روپئے امداد دی جائے ۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بھی اس حادثہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے
بس حادثہ پر سینئر کانگریس لیڈر
غلام نبی آزاد کا اظہارتعزیت
نئی دہلی 11 ستمبر ( پی ٹی آئی ) سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں پیش آئے بس حادثہ میں 50 سے زائد افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ مہلوکین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔ اپنے تعزیتی پیام میںراجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن نے مہلوکین کے افراد خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور انہوںنے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی ایک تمناؤں کا اظہار کیا ۔