جگاریڈی کے خلاف کارروائی سیاسی انتقام

کے سی آر ‘ ہریش راؤ اور عامر شکیل بھی مقدمہ کے ملزم : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد 11 ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے جگا ریڈی کے خلاف انتقامی کارروائی کا الزام عائد کرکے اس کیس میں شامل رہنے والے کے سی آر، ہریش راؤ اور عامر شکیل کو نظرانداز کرنے پر پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما کو کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کا بروکر اور سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کو کٹھ پتلی کی طرح کام کرنے کا الزام عائد کیا۔ آج میڈیا سے انہوں نے کہاکہ اسمبلی تحلیل کرنے والے کے سی آر کو دوبارہ کامیابی حاصل ہونے کی اُمید نہیں ہے۔ کانگریس قائدین کو ٹی آر ایس میں شامل کرانے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ٹی آر ایس کے جھانسے میں نہ آنے والے قائدین کے خلاف قانونی کارروائی کرکے حکومت کے خلاف اُٹھنے والی ہر حق کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ جس کیس میں جگا ریڈی کو گرفتار کیا گیا ہے تو کے سی آر، ہریش راؤ اور عامر شکیل کو اُسی کیس کا سامنا ہے مگر ان قائدین کے خلاف پولیس نے کارروائی نہیں کی ہے۔ صرف جگاریڈی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کانگریس کے کیڈر کو ڈرانے دھمکانے کی ناکام کوشش کی گئی ہے۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے انڈین پولیس لاء کو کلوا کنٹلا لاء میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس اِن حربوں سے ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے بلکہ ظالم حکومت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے فرضی پاسپورٹ کیس میں کے سی آر، ہریش راؤ اور عامر شکیل بھی شامل ہونے کا دعویٰ کیا۔