جکارتہ کے مسیحی گورنر کیخلاف مسلم جماعتوں کے مظاہرے کی تیاری

انڈونیشیاء کے دارالحکومت میں مظاہرے کا منصوبہ ، توہین مذہب کا الزام
جکارتہ، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا میں شدت پسند تنظیموں کی قیادت میں مسلمان جمعہ کو جکارتہ کے مسیحی گورنر کے خلاف صدارتی محل تک احتجاجی مارچ کرنے کی تیاری کررہے ہیں، جس میں مبینہ توہین مذہب کے الزام میں موصوف گورنر کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ جکارتہ کے گورنر کے الیکشن کا دوسرا اور آخری مرحلہ 19 اپریل کو ہے ، جس کے پیش نظر مذہبی اور سیاسی کشیدگی اپنے عروج پر ہے ۔ موجودہ مسیحی گورنر بسوکی تجاہجا پورناما کے خلاف توہین رسالت کا مقدمہ دائر ہے اور وہ جکارتہ گورنر کے الیکشن میں مسلم امیدواروں کے خلاف تنہا مسیحی امید وار ہیں۔ جمعہ کے روز نماز کی ادائیگی کے بعد ہونے والا مارچ سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ ہونے کی توقع ہے ۔ اس سے قبل 15 فروری کو پہلے مرحلے کے الیکشن سے پہلے اس طرح کا مظاہرہ ہوا تھا۔پولس کے قومی ترجمان رفیع عمار نے بتایا کہ جمعہ کے مظاہرے میں 20 ہزار افراد کے شامل ہونے کی امید ہے ، جن میں طلبہ اور متعدد مذہبی و نسلی گروپ شامل ہوں گے ۔ مظاہرین استقلال مسجد کے پاس جمع ہوں گے اور صدارتی محل تک مارچ نکالیں گے ۔  چینی نژاد پورناما جکارتہ کے پہلے مسیحی گورنر ہیں اور مسلمانو ں کا الزام ہے کہ سیاسی تشہیر میں قرآن کریم کے استعمال کے سلسلے میں اپنے حریف امیدواروں کے خلاف تبصرہ کرکے انہوں نے مذہب اسلام کی توہین کا ارتکاب کیا ہے ۔ ان کے خلاف ہزاروں مسلمانوں نے مسلسل مظاہرے کئے تھے ، جس کے بعد ان کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے ۔ مسیحی گورنر نے اپنے تبصرے کے لئے اگرچہ معافی مانگ لی ہے ، لیکن انہوں کسی غلطی سے انکار کیا ہے ۔

3 اپریل کو ٹرمپ ۔سیسی ملاقات
واشنگٹن، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ تین اپریل کو وائٹ ہاؤس میں مصر کے صدر عبد الفتح السیسی سے ملاقات کریں گے ۔وائٹ ہاؤس نے آج ایک بیان جاری کر کے اس کی اطلاع دی۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں لیڈر دولت اسلامیہ کے دہشت گردوں کو شکست دینے کے علاوہ علاقے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے ۔