جڑواں بم دھماکے کیس ‘ خاطیوں کی سزا کا آج اعلان

حیدرآباد۔/9 ستمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سال 2007 کے لمبنی پارک، گوکل چاٹ دھماکے کیس میں قصور وار پائے جانے والے خاطیوںکی سزا کا 10ستمبر کو اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 4ستمبر کو نامپلی کریمنل کورٹ کے چوتھے ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج ڈاکٹر ٹی سرینواس راؤ نے جڑواں بم دھماکے کیس میں قصوار وار پائے جانے والے انڈین مجاہدین کے دو مبینہ ارکان اکبر اسمعیل چودھری اور انیق شفیق سید کو قصور وار قرار دیا تھا جبکہ دیگر دو ملزمین کو بری کردیا تھا۔ ایک اور ملزم طارق انجم کا بھی فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ چرلہ پلی جیل میں قائم کی گئی خصوصی عدالت میں کل 11 بجے دن جج فیصلہ سنائیں گے۔