جو ہندو نہیں و ہ ملک چھوڑ دیں: سادھوی سمہیتا

رام نومی جلوس کے بعد جلسہ میں شر انگیز تقریر
حیدرآباد 28 مارچ : ( سیاست نیوز): ہندوستان میں پیدا ہوا ہر شخص ہندو ہے اور جو ہندو ہونے سے انکار کرے اسے ہندوستان چھوڑ دینا چاہئے ۔ یہ شر انگیز ریمارک سادھوی سمہیتا نے کیا ۔ سادھوی نے رام نومی جلوس کے بعد ہنومان ویام شالہ خطاب کرتے ہوئے یہ شر انگیزی کی ۔ سری رام نومی اتسو کمیٹی اور سری رام سینا کی جانب سے منعقدہ ریالی میں سادھوی سمہیتا نے شرکت کی ۔ انہوں نے ہندوؤں پر زور دیا کہ وہ دیگر مذاہب کی طرح خود کو سادھو اور سنتوں سے جوڑ لیں ۔ انہوں نے ہندو نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں اور خواتین کی حفاظت کیلئے کمر باندھ لیں اور غیروں کی بری نظر سے اپنی خواتین کی حفاظت کا بیڑہ اٹھالیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان صدیوں سے ہندو دھرم کے راجہ مہاراجاؤں اور ہندو دیوتاؤں کا مقام رہا ہے ۔ رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شیواجی کی زندگی کو مشعل راہ بنالیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوؤں میں اتحاد کی اصل وجہ آر ایس ایس ، بجرنگ دل اور وشوا ہندوپریشد کی کوشش ہیں ۔ انہوں نے اس طرح کے جلسہ ، جلسوں اور ریالیوں کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو دھرم میں پھوٹ ڈالنے اور کمزور کرنے لو جہاد اور تبدیلی مذہب جیسی سازشیں رچی جارہی ہیں ۔ سوامی کملانند بھارتی نے بھی مخاطب کیا ۔ قبل ازیں منگل ہاٹ و شہر کے دیگر علاقوں سے ریالیوں اور جلوس کی شکل میں ہندوؤں کی کثیر تعداد نے جلسہ گاہ کا رخ کیا ۔ جلوس کے موقع پر پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے اور سدی عنبر بازار کے علاقہ میں سدی عنبر بازار مسجد کے قریب کمشنر پولیس نے خود جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا اور دیر تک مسجد کے قریب توقف کرکے جلوس کا نظارہ کیا ۔