واشنگٹن، 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ عالمی جوہری مذاکرات میں ’’بڑا خلاء ‘‘ برقرار ہے اور انہوں نے سوال کیا کہ مذاکرات کب کامیاب ہوں گے۔ گزشتہ روز سی بی ایس نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں اوباما نے کہا کہ کیا ہم یہ حتمی خلاء پر کرنے کے قابل ہو جائیں گے تاکہ ایران عالمی برادری کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت کرسکے، جس کے تحت پابندیاں بتدریج کم کی جائیں گی اور ہم قابل تصدیق ہو سکیں اور ہمیں یقین دہانی کرائی جائے کہ وہ نیو کلیئر ہتھیار تیار نہیں کریں گے۔ ’’یہاں پر بڑا خلاء برقرار ہے، ہم اسے پُرکرنے کے قابل نہیں۔‘‘ ان کے یہ ریمارکس امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری اور ایران کے وزیر خارجہ محمد جاوید ظریف کے درمیان گزشتہ روز منعقدہ مذاکرات کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔ حالیہ سفارتی کوششیں 24 نومبر کے جوہری معاہدہ کی قطعی مہلت کے موقع پر ہو رہی ہے۔