جوگی پیٹ میں نئے پی جی سنٹر کے قیام کی منظوری

حیدرآباد ۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) حکومت نے عثمانیہ یونیورسٹی کے تحت جوگی پیٹ (میدک) میں پی جی سنٹر کے قیام کی منظوری دی ہے اور اس میں آئندہ تعلیمی سال داخلے دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں عثمانیہ یونیورسٹی انتظامیہ نے مختلف زمروں اسسٹنٹ پروفیسرس، لکچررس کی 250 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے تجاویز حکومت کو روانہ کئے ہیں۔ توقع ہیکہ حکومت جلد تقررات کے عمل کو یقینی بنانے اقدام کریگی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ستیہ نارائنا وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی نے بتایا کہ یونیورسٹی کا مالی موقف کمزور ہوچکا ہے۔ حکومت کی رقومات یونیورسٹی ملازمین و عملہ کی تنخواہوں کیلئے کافی نہیں ہورہی ہیں۔ تاہم انتظامیہ مالیہ کو مستحکم کرنے مختلف اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں فی الوقت پروفیسرس، اسسٹنٹ پروفیسرس و دیگر زمرہ کے عہدیداروں و ملازمین کی جملہ تعداد 720 ہے لیکن آئندہ دو تین سال کے دوران نصف سے زائد تعداد میں عثمانیہ یونیورسٹی کے عہدیدار و ملازمین وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوجائیں گے، جس سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوسکتیہیں۔ لہٰذا ان تمام حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے فی الوقت مخلوعہ مختلف زمروں کی 250 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے حکومت کو تجاویز روانہ کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج 22 اسسٹنٹ پروفیسرس کے تقررات عمل میں لانے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ نئے پی جی سنٹر کا آئندہ تعلیمی سال سے ڈگری کالج میں شروع کردیا جائے گا اور نئی عمارت کی تعمیر مکمل کے بعد اس کو منتقل کردیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس سنٹر کے قیام کیلئے جملہ 2631.22 لاکھ روپئے کی منظور کئے تھے جس سے تدریسی اسٹاف کے تقررات و تنخواہوں کی ادائیگی کے علاوہ نئی عمارتوں کی تعمیر عمل میں لائی جائیں گی۔ پروفیسر ستیہ نارائنا نے اس نئے پی جی کالج کی منظوری کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر دامودر راج نرسمہا کی دلچسپی کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی دلچسپی کے باعث اس نئے پی جی کالج کی منظوری حاصل ہوسکی۔ انہوں نے بتایا کہ پی جی کالج جوگی پیٹ میں ایم بی اے (60 نشستیں) ایم ایس سی آرگیانک کیمسٹری (30 نشستیں) ایم ایس سی میاتھس (30 نشستیں) ایم ایل ای ایس سی (دوسالہ) (30 نشستیں) اور ایم اے انگلش (30 نشستیں) کورسیس کیلئے داخلے دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں حکومت نے میدک کے نرساپور میں پوسٹ گرائجویٹ سنٹر قائم کرنے کیلئے ایڈمنسٹریٹیو منظوری دی ہے۔ تاہم اس کیلئے رقمی منظوری حاصل نہیں ہوئی۔ رقمی منظوری کے بعد اس نئے پی جی سنٹر کو شروع کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ پروفیسر ای سریش کمار، ڈائرکٹر ڈسٹرکٹ پی کی کالجس عثمانیہ یونیورسٹی، پروفیسر پرتاپ ریڈی، رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔ پروفیسر انیل شرما سی پی آر او عثمانیہ یونیورسٹی نے تعارفی کلمات پیش کئے۔