جوڑ توڑ کیس : ایم ایل اے سیتا سورین کی خودسپردگی

رانچی ۔ 25 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) برسراقتدار جے ایم ایم رکن اسمبلی سیتا سورین جو سابق چیف منسٹر شبھو سورین کی بہو ہیں ، انھوں نے آج جوڑ توڑ کے ایک معاملے میں یہاں مقامی عدالت کے روبرو خود سپردگی اختیار کرلی جبکہ یہ کیس سی بی آئی نے درج رجسٹر کیا تھا ۔ سیتا سورین نے آر کے چودھری کی اسپیشل سی بی آئی کورٹ میں خود سپردگی اختیار کی جبکہ جھارکھنڈ ہائیکورٹ نے 20 فبروری کو اُن کی پیشگی ضمانت مسترد کردی تھی اور انھیں اندرون ایک ہفتہ خود سپردگی کی ہدایت دی تھی ۔ انھیں 14 روزہ عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔ 2012 ء کے کیس کی ملزم سیتا سورین کو قبل ازیں مفرور قرار دیا گیا تھا اور رانچی اور بکارو میں اُن کی قیامگاہوں سے برآمد املاک کو قرق کرلیا گیا تھا ۔