پورنیہ۔9 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) بہار میں ضلع پورنیہ کے صدر تھانہ علاقے کے گلاب باغ محلے میں آج صبح جوٹ کے گودام میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہوگئی۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ گلاب باغ محلے کے دمکا چوک میں واقع لکشمن بجاج کے جوٹ کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی۔ اس حادثے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ آگ لگنے کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا ہے ۔
راجستھان میں بی جے پی ضلع صدور کو ٹکٹ نہیں
جے پور۔ 9 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان اسمبلی انتخابات میں اس بار اندرونی طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی کو سخت ٹکر مل سکتی ہے اور اب ہر کسی کی نظریں پارٹی صدر امیت شاہ کی جانب ہیں کہ امیدواروں کے انتخاب کابنیاد کیا ہو گا۔پارٹی ذرائع نے تاہم اس بات کے اشارے دئیے ہیں کہ ضلع صدور کو ٹکٹ نہیں دیے جائیں گے اور انہیں انتخابی کاموں میں لگایا جائے گا۔ سمجھا جارہا ہیکہ جو ضلع صدور انتخابات لڑنے کی حسرت کافی عرصہ سے پالے ہوئے تھے انہیں استعفیٰ دینا ہوگا۔
پارٹی ذرائع نے بتایا”اس میں کوئی بھی غیر معمولی بات نہیں ہے اور ہم نے یہی فارمولہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں آزمایاتھا اور مارچ 2017 میں ہمیں اس کا فائدہ بھی ملا۔ لیکن ہم اس بات کو لے کر بالکل بھی نہیں اڑیں گے کیونکہ اتر پردیش میں بھی ایسے 18 افراد کو ٹکٹ دیا گیا تھا جو ضلع اور ذیلی علاقائی سطح کی ذمہ داریاں سنبھال رہے تھے ۔ امیدواروں کے انتخاب میں کئی باتوں پر توجہ دی جا رہی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ امیدوار کی جیتنے کی صلاحیت کتنی ہے ۔ اس کے علاوہ ذات برادری کو بھی ذہن میں رکھا جا رہا ہے ،کیونکہ کسی علاقے خاص میں کچھ برادریوں کی ناراضگی پارٹی کے لئے بھاری پڑ سکتی ہے اور اس کا اثر قرب و جوار کی اسمبلی سیٹوں پر پڑ سکتا ہے ”۔