جونیر ڈاکٹرس کو رجوع بہ کار ہونے کی ہدایت

حیدرآباد۔/19نومبر، ( این ایس ایس ) ریاستی ہائی کورٹ نے ہڑتالی جونیر ڈاکٹرس کی سخت سرزنش کرتے ہوئے انہیں اندرون دو دن اپنی ڈیوٹی پر رجوع ہونے کی ہدایت کی ہے۔ جونیر ڈاکٹروں کو رجوع بہ کار ہونے کی استدعاء کے ساتھ دائر کردہ ایک درخواست پر ہائی کورٹ نے قانون کی خلاف ورزی پر جونیر ڈاکٹرس کی سرزنش کی اور اس کے ساتھ ریاستی حکومت کو بھی یہ ہدایت کی کہ وہ ہڑتالی جونیر ڈاکٹرس کے مطالبات کی جلد یکسوئی کرے۔ عدالت نے کہا کہ جونیر ڈاکٹروں کو بھی احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے کیونکہ وہ محض مشاہیرات کے عوض ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ عدالت نے یہ دریافت کیا کہ آیا جونیر ڈاکٹرس محض اپنے مطالبات کیلئے مختلف دواخانوں میں مریضوں کی زندگیوں کو آخر کس طرح خطرہ میں ڈال سکتے ہیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ اگر جونیر ڈاکٹرس اندرون دو دن ڈیوٹی پر رجوع ہونے میں ناکام ہوجاتے ہیں تو حکومت کو چاہیئے کہ وہ ان کے خلاف ضروری کارروائی کرے۔ حکومت کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ خدمات کے قوانین کے سوائے دیگر تمام چار مطالبات کی یکسوئی کیلئے اقدامات کرے۔ اس دوران ہڑتالی جونیر ڈاکٹرس کے ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے مطالبات پر صرف چیف منسٹر سے ہی بات چیت کریں گے۔