حیدرآباد۔ 27 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے پرائیویٹ مائناریٹی میڈیکل کالجس انتظامیہ کی جانب سے پوسٹ گریجویٹ ، ایم ایس اور ایم ڈی کورسیس کی فیس میں اضافہ کی کوششوں کے خلاف تلنگانہ جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ اسوسی ایشن کی جانب سے 28 اپریل کو عثمانیہ میڈیکل کالج سے صبح 8 بجے احتجاجی ریالی منظم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ دستخطی مہم بھی چلائی جائے گی۔ اسوسی ایشن کے عہدیدار نے آج ایک بیان میں کہا کہ بعض خانگی مائناریٹی میڈیکل کالجس انتظامیہ تلنگانہ ایڈمیشن اینڈ ریگولیٹری کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ فیس کے موجودہ ڈھانچہ میں تین گنا اضافہ کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویشن میں داخلہ لینے والے طلبہ کو فیس میں اضافہ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسوسی ایشن کی غیرمعمولی جدوجہد کے بعد ہی میڈیکل کونسل آف انڈیا
نے یہ ہدایت جاری کی کہ 50% نشستیں میرٹ اور 50% مینجمنٹ کوٹہ کے تحت پُر کی جائیں۔ انتظامیہ کو اس کی سختی سے پابندی کرنی چاہئے۔ انتظامیہ 50% نشستوں سے محرومی کی بناء موجودہ فیس میں غیرمعمولی اضافہ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو اس طرح کا کوئی بھی مطالبہ تسلیم نہیں کرنا چاہئے جس سے طلبہ برادری کو مشکل پیش آئے۔