جونپور۔ 18ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں جونپور کے نگر کوتوالی علاقے میں چند بدمعاشوں نے ایک خبررساں چینل کے رپورٹر پر جان لیوا حملہ کیا۔پولیس نے منگل کو بتایا کہ بیگم گنج کے رہنے و الے نامہ نگار عارف حسینی کے گھر پر پیر کی دیر رات لاٹھی ڈنڈے سے لیس تقریباً 6 بدمعاشوں نے حملہ کردیا اور ان کے ساتھ جم کر مارپیٹ کی۔شوروغل سن کر جب تک آس پاس کے لوگ جمع ہوتے اس سے پہلے ہی بدمعاش وہاں سے فرار ہوگئے ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک بدمعاش کو گرفتار کیاہے ۔ پولیس نے بتایا کہ نامہ نگار کے ذریعہ دی گئی تحریر کے مطابق اتوار کی رات کچھ نشہ کے عادی بدمعاش عارف کے گھر کے پاس گانجا پی رہے تھے ۔انہوں نے اعتراض ظاہر کرتے ہوئے سبھی کو وہاں سے بھگا دیا۔اسی بات سے ناراض ہوکر پیر دیر رات ان کے ساتھ مار پیٹ کی گئی۔متاثر نامہ نگار نے دو نامزد اور تین نامعلوم بدمعاشوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے ۔پولیس باقی حملہ آوروں کی تلاش کررہی ہے ۔