کولکتہ ۔ /8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چاند سورج اور اور ستاروں کی گردش اور دیگر خلائی تغیرات سے دلچپسی رکھنے والوں کو رواں ماہ دوہری خوشی ملے گی جب انہیں چار دن کے مختصر وقفہ میں دو نادر و نایاب فلکیات عمل دیکھنے کا موقع ملے گا ۔ /27 جولائی کو چاند گہن اور /31 جولائی کو سیاہ مریخ کرۂ ارض سے بہت قریب ہوجانے کے سبب بہت بڑا اور انتہائی چمکدار نظر آئے گا ۔ ایم بی برلا ادارہ برائے بنیادی تحقیق کے ڈائرکٹر دیپی پروساد دواری نے کہا کہ /27 اور /28 جولائی کی درمیانی شب ایک گھنٹہ 43 منٹ تک مکمل چاند گہن رہے گا ۔ یہ نادر فلکیاتی نظارہ بشمول ہندوستان دنیا کے ایک بڑے حصہ میں دیکھا جائے گا ۔ ہندوستان میں /27 جولائی کو مقامی معیاری وقت کے مطابق رات 11.54 بجے چاند گہن دیکھا جائے گا ۔ جس کے چار دن بعد سورج سے چوتھے مقام پر موجود سیارہ مریخ /31 جولائی کو کرۂ ارض سے بہت قریب آجائے گا ۔ تقریباً 60,000 سال بعد کرۂ ارض سے بہت قریب رہیگا ۔ڈاکٹر دیبی پروساد نے کہا کہ سیارہ مریخ /24 ستمبر 57617 قبل مسیح میں کرۂ ارض سے اسی حد تک قریب تھا ۔