نیشنل انسٹیٹیوٹ آف نیوٹریشن کی رپورٹ، مشروب میں زہریلا مادہ ہونے کا انکشاف
حیدرآباد 20 مارچ (سیاست نیوز) تازہ پھلوں کا مشروب صحت کے لئے فائدہ بخش کہا جاتا تھا لیکن فی الحال شہر میں چلائے جانے والے جوس سنٹرس میں دستیاب مشروبات خواہ وہ تازہ پھلوں کے ہی کیوں نہ ہوں، انتہائی نقصان دہ ثابت ہورہے ہیں۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق شہر میں دستیاب فروٹ جوس میں زہریلا مادہ پایا جارہا ہے۔ حالیہ عرصہ میں کی گئی ایک تحقیق میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ پھلوں سے تیار کئے جانے والے مشروبات میں 96.6 فیصد تک مضر صحت فضلے پائے جاتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن کے سائنسداں ایس جی ڈی این لکشمی ریڈی، آر نوین کمار، این بالا کرشنا اور وی سدرشن راؤ نے شہر میں موجود مختلف جوس سنٹرس کے تازہ مشروبات پر یہ تحقیق کی ہے جس میں اُنھوں نے انسانی جانوں کو نقصان پہنچانے والے مادے کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ پھلوں کو وقت سے پہلے قابل استعمال بنانے کے لئے دی جانے والی ادویات کے سبب یہ صورتحال پیدا ہورہی ہے۔ اِس کے علاوہ دیگر وجوہات کے باعث بھی مشروبات میں مضر صحت فضلے پائے جانے لگے ہیں۔ موسم گرما کے دوران مشروبات کے استعمال میں ہونے والے اضافہ کے علاوہ غیر صحت مند ماحول میں تیار کردہ مشروبات کا استعمال صحت کو فائدہ پہنچانے کے بجائے بے انتہا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے جس کی بنیادی وجوہات میں پھلوں کے قریب مکھیوں کا ہونا اور مشروبات میں استعمال ہونے والے برف کی تیاری بھی شامل ہے۔ لکشمی ریڈی کے بموجب سپوٹہ، انناس اور انگور کے مشروبات میں یہ مادے زیادہ پائے جارہے ہیں جس سے ایسا لگتا ہے کہ یہ مکھیوں سے زیادہ متاثر پھل ہونے کے باعث نقصان دہ ثابت ہورہے ہیں۔ مسٹر بالا کرشنا نے بتایا کہ اکثر و بیشتر برف کی تیاری میں بورویل کا پانی استعمال کیا جاتا ہے جس میں ای ۔ کولی کی مقدار زیادہ ہونے کے سبب انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔ آلودہ پانی کے ذریعہ تیار کئے جانے والے برف اور آلودہ پانی سے استعمال کے لئے برتنوں کو دھونے سے بھی یہ صورتحال پیدا ہورہی ہے۔ سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ غذائی تبدیلی کے سبب انسان کی قوت مدافعت میں بھی تبدیلی دیکھی جاتی ہے اور موجودہ دور میں بازاروں میں دستیاب کم قیمت والے مشروبات بالخصوص اُن مقامات پر دستیاب جہاں پر صفائی کے انتظامات نامناسب ہیں، وہ بے انتہا نقصان دہ ثابت ہورہے ہیں۔ کسی زمانے میں پھلوں کا استعمال اور پھلوں کے مشروبات کا استعمال اچھی صحت کا ضامن قرار دیا جاتا تھا لیکن نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن کی رپورٹ کے اِس انکشاف کے بعد پھلوں کے مشروبات ہی صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہونے لگے ہیں۔