جئے پور ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت راجستھان نے آج جودھپور نیشنل یونیورسٹی میں جدید داخلوں پر پابندی کے لیے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ اس یونیورسٹی نے اب تک 25 ہزار سے زائد طلباء کو جعلی ڈگریاں عطا کی ہیں ۔ امتناعی احکامات استقدامی اثر کے ساتھ تعلیمی سال 2015-16 کے لیے نافذ ہوجائیں گے ۔ قبل ازیں ریاستی وزیر تعلیم مسٹر سی صراف نے ایوان اسمبلی میں بتایا تھا کہ جودھپور میں واقع یونیورسٹی نے سال 2009 سے اب تک 38,000 ڈگریاں اور مارک شیٹس طلباء کو جاری کیے ہیں جس میں 25,003 جعلی پائے گئے ۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ اعلی تعلیمات مسٹر پون کمار گوئیل نے بتایا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے یہ پایا کہ جودھپور قومی یونیورسٹی نے یونیورسٹی ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجہ میں جعلی ڈگریوں کا اسکام پیش آیا ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے طلباء کو کسی جوکھم اور چیلنج سے بچانے کے لیے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جے ین یو میں جدید داخلوں پر پابندی عائد کردی جائے اور یہ امتناع تعلیمی سال 2015-16 کے لیے نافذ العمل رہے گا ۔