جوبلی ہلز میں نوین یادو کو نوجوانوں کی زبردست تائید

پہلی مرتبہ ووٹ کا استعمال کرنے والے رائے دہندوں میں غیرمعمولی جوش
حیدرآباد ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے آزاد امیدوار نوین یادو کی انتخابی مہم اپنے نقطہ عروج پر پہنچ گئی ہے وہ جس بستی میں بھی جاتے ہیں عوام ان کا والہانہ خیرمقدم کرتے ہیں۔ نوین یادو کے قریبی حلقوں کا کہنا ہیکہ انہیں عوام کے تمام طبقات کی تائید حاصل ہے۔ تمام مذاہب کے ماننے والے رائے دہندوں نے ان کی تائید و حمایت کا اعلان کیا ہے۔ نوجوان اور رضاکارانہ طور پر نوین یادو کی انتخابی مہم میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے آج اپنے حلقہ کے مختلف علاقوں بشمول وینکٹ گری، کرشنا نگر، ہائی لیمپ کالونی وغیرہ کا دورہ کیا اور گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقات کی۔ نوین یادو نے خاص طور پر بزرگ مرد و خواتین سے مل کر ان کا آشیرواد حاصل کیا۔ مسلمانوں کی گنجان آبادی کے حامل علاقوں میں نوین یادو کا پرتپاک خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ نوین یادو کہتے ہیں کہ ان کا مقصد فرقہ پرستوں اور مفاد پرست سیاستدانوں کو شکست دینا ہے اور ان کے اس مشن میں خاص طور پر نوجوان شامل ہیں۔ یوسف گوڑہ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں لوگ نوین یادو کی حمایت میں اتر آئے ہیں۔ واضح رہیکہ نوین یادو ایک تعلیم یافتہ نوجوان ہیں وہ ایک آرکیٹکٹ ہیں۔ حلقہ کے نوجوانوں میں وہ کافی مقبول ہیں۔ ان کے دور طالب علمی کے ساتھی بھی جن میں مسلمانوںکی اکثریت ہے نوین یادو کی مہم میں سرگرم حصہ لے رہے ہیں۔ نوین یادو گھر گھر پہنچ کر یہی کہہ رہے ہیں کہ وہ اسی علاقہ کے ہیں۔ عوام کیلئے کوئی نئے نہیں ہیں اور خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ان میں اپنے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کو ایک مثالی حلقہ بنانے کی خواہش پائی جاتی ہے۔