نوجوان آزاد امیدوار کو سائن یونین اور مزدور یونینوں کی بھی حمایت
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں آزاد امیدوار نوین یادو کی انتخابی مہم میں بلالحاظ مذہب و ملت نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل ہوگئی ہے جس سے ان کی کامیابی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نوین یادو کے پیدل دوروں میں شامل اُن کے حامیوں نے کیا۔ اُن لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جوبلی ہلز کی تاریخ میں نوین یادو ایسے پہلے امیدوار ہیں جن کی انتخابی مہم میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی مذاہب کے ماننے والی سرفہرست شخصیتیں حصہ لے رہی ہیں۔ جس سے نوین یادو کے کیمپ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ نوین یادو کے پروگرامس میں جوبلی ہلز کے تمام ڈیویژنوں کے اہم لوگ بالخصوص نوجوان شرکت کررہے ہیں۔ آج ان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی خاص بات یہ تھی کہ اسٹیج پر تمام مذاہب کے ماننے والی شخصیتیں موجود تھیں جنھوں نے نوین یادو کی تائید و حمایت کا اعلان کیا۔ نوین یادو کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سائن یونین اور کنسٹرکشن یونین ورکرس نے ان کی مکمل تائید کا اعلان کیا اور کہاکہ وہ 7 ڈسمبر کو کیرم بورڈ کے نشان پر بٹن دباکر نوین یادو کی کامیابی کی راہ ہموار کریں گے۔ نوین یادو کے بارے میں ان کے حامیوں اور مقامی عوام کا خیال ہے کہ وہ ایک تعلیم یافتہ نوجوان ہیں اور علاقہ کے عوامی مسائل سے اچھی طرح واقف ہیں۔ ان میں عوام کے لئے کچھ کر دکھانے کا جذبہ بھی پایا جاتا ہے اور یہی جذبہ نوین یادو کو دوسرے امیدواروں سے ممتاز کرتا ہے۔