جواہر نگر میں قماربازی کا ٹھکانہ بے نقاب ، گیارہ افراد گرفتار

حیدرآباد /27 مئی ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ حدود میں جواہر نگر پولیس نے قمار بازی کے ایک ٹھکانے کو بے نقاب کردیا ۔ گیارہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ اصل سرغنہ جو اس قمار بازی کے ٹھکانے کو چلا رہا تھا اور اس کی دیکھ بھال کر رہا تھا مفرور بتایا گیا ہے ۔ جواہر نگر پولیس نے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پی ایس راؤ نگر و مائی گوڑہ میں کارروائی انجام دی ۔ جہاں مکان مالک جو اس قمار بازی کے ٹھکانے کا اصل سرغنہ بھی ہے شیواجی خود اس کے مکان میں جوا چلارہا تھا ۔ پولیس کی اس کارروائی میں وہ بچ گیا اور فرار ہوگیا ۔ تاہم پولیس نے کارروائی کے دوران گیارہ افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 39 سالہ راجو 33 سالہ درگیش 48 سالہ یادگیری 40 سالہ رمیش 40 سالہ کرن 44 سالہ راج شیکھر ریڈی 37 سالہ راجیش 30 سالہ گیان 27 سالہ سنتوش 28 سالہ دیپک اور دیگر کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ایک لاکھ 22 ہزار روپئے اور گیارہ سیل فون و دیگر اشیاء بشمول جوئے کے کارڈز کو ضبط کرتے ہوئے مزید تحقیقات کیلئے جواہر نگر پولیس کے حوالے کردیا ۔