جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کا کل پانچواں کانوکیشن

طلباء کو پی ایچ ڈی ڈگریاں ، گولڈ میڈلس پیش کئے جائیں گے
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد کا پانچواں کانوکیشن 4 ستمبر کو 11 بجے دن جواہر لعل نہرو آڈیٹوریم جے این ٹی یو کیمپس واقع کوکٹ پلی میں منعقد ہوگا ۔ گورنر ریاست تلنگانہ و چانسلر جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کانوکیشن تقریب کی صدارت کریں گے ۔ جب کہ مسٹر نٹراجن چندر شیکھرن ، چیف ایکزیکٹیو آفیسر و مینجنگ ڈائرکٹر ٹاٹا کنسلٹنسی سرویسیس کانوکیشن کا کلیدی خطبہ دیں گے ۔ آج یہاں جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر رامیشور راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ اس پانچویں کانوکیشن میں سال 2012-13 اور 2013-14 کے تعلیمی سال میں ڈگری و ڈپلوما کورسیس مکمل کرلینے والے 1,72,405 طلباء وطالبات کے لیے ڈگریاں عطا کی جائیں گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کانوکیشن تقریب کے موقعہ پر 158 پی ایچ ڈی ( ڈاکٹر آف فلاسفی ) کی ڈگریاں گورنر ریاست تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کے ہاتھوں عطا کی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ اس کانوکیشن میں مختلف کورسیس میں ٹاپرس ( اعلیٰ درجہ حاصل کرنے والے ) جملہ 98 طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلس پیش کئے جائیں گے ۔ وائس چانسلر جے این ٹی یو نے کہا کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے 12B کے تحت جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد کو مسلمہ موقف عطا کرتے ہوئے 6.17 کروڑ روپئے بارہویں پنچسالہ منصوبہ کے تحت جاری کیا ہے ۔ علاوہ ازیں یو جی سی اور سی ایس آئی آر نے جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کو علی الترتیب 340.24 لاکھ اور 237.61 لاکھ روپئے مختلف تعلیمی پراجکٹس و فیلو شپس کے لیے منظور کئے ۔ انہوں نے کہا کہ جے ین ٹی یو حیدرآباد کو ڈی ایس ٹی / ڈی بی ٹی کی جانب سے مختلف تعلیمی تحقیقاتی پراجکٹس کے لیے 142.87 لاکھ روپئے جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ منتھنی اور سلطان پور میں نئے قائم کردہ جے این ٹی یو کالجس آف انجینئرنگ کے لیے 527.11 کروڑ روپئے کے بجٹ تجاویز پیش کئے گئے ۔ وائس چانسلر جے این ٹی یو نے بتایا کہ یونیورسٹی نے کیمپس میں نئی عمارتوں بشمول کلاس رومس کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ نئے شعبہ جات و نئے کورسیس کا آغاز کرنے کے لیے جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد ( کوکٹ پلی ) کیمپس میں 29.08 کروڑ روپئے جے این ٹی یو ایچ کالج آف انجینئرنگ جگتیال کیمپس میں 8.45 کروڑ روپئے جے این ٹی یو ایچ کالج آف انجینئرنگ منتھنی کیمپس میں 72.77 کروڑ روپئے جے این ٹی یو ایچ کالونی آف انجینئرنگ سلطان پور کیمپس میں 260.86 کروڑ روپئے کے مصارف سے عمارتوں کی تعمیر و انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے ین ٹی یو ایچ کوکٹ پلی حیدرآباد سے انجینئرنگ ، سائنس اینڈ ٹکنالوجی ، فارمیسی ، ہیومانٹیز اور مینجمنٹ کے مختلف شعبہ جات میں جملہ 6800 ریسرچ اسکالرس اپنی پی ایچ ڈی کے لیے تحقیقاتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر کے ایشور پرساد ڈائرکٹر ایوالویشن ڈاکٹر ٹی کشن کمار ریڈی ریکٹر پروفیسر ین وی رمنا راؤ رجسٹرار ڈاکٹر جی کے وشواناتھ جے این ٹی یو ایچ کوکٹ پلی کیمپس بھی موجود تھے ۔۔