جوان کی ہلاکت پر بی ایس ایف کا احتجاج ، پاکستان کی تردید

نئی دہلی ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس ایف نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے پاس اپنے ایک جوان کی جموں میں ہلاکت اور اس کا گلا کاٹنے پر سخت احتجاج درج کرایا اور پاکستان رینجرس سے کہا کہ یہ حرکت فوجی طرز عمل کو زیب نہیں دیتی، سرکاری ذرائع نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں ماحول کشیدہ ہے اور ہند ۔ پاک بین الاقوامی سرحد کے اس علاقہ کی جگہوں پر ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے بارڈر سیکوریٹی فورس کے عہدیداروں سے دوپہر میں فون پر بات کی گئی اور انہوں نے 18 ستمبر کو ہیڈکانسٹیبل نریندر سنگھ کی ہلاکت میں اپنا ہاتھ ہونے کی تردید کی۔ یہ بتایا گیا کہ پاکستانی دستوں نے بی ایس ایف جوان کو گولی ماری اور ہلاک کیا۔