جن پنگ ‘ مودی اور مرکیل حرکیاتی قائدین

بیجنگ 18 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی جاپانی مارکٹ ریسرچ فرم کے ایک سروے میں دوسرے نمبرپر آئے ہیں جو 30 ٹاپ پرفارمنگ عالمی قائدین کے انتخاب کیلئے کیا گیا تھا ۔ چین کے صدر ژی جن پنگ اس فہرست میں سر فہرست ہیں۔ جرمنی کی چانسلر اینجلا مرکیل کو اس فہرست میں تیسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ اس فہرست میں ان قائدین کو شامل کیا گیا ہے جن کو اپنے اپنے ملک کے عوام کا اعتماد حاصل ہوا ہے ۔ اس سروے میں 26,000 افراد سے بات چیت کی گئی ہے جو ٹوکیو سے کام کرنے والی تنظیم نے کیا ہے ۔ سروے کے نتائج ہارورڈ کنیڈی اسکول کے ایش سنٹر فار ڈیموکریٹک گورننس نے شائع کئے ہیں اور اس کا جائزہ انتھونی سیاش نے کیا ہے ۔ تین ٹاپ قائدین ژی جن پنگ ‘ نریندر مودی اور اینجلا مرکیل کے بعد اس فہرست میں فرانس کے صدر فرینکوئی ہالینڈے ‘ جاپان کے وزیر اعظم شینزو ابے شامل ہیں ۔دس نشانات میں جن پنگ کو 7.5 ‘ نریندر مودی کو 7.3 ‘ اینجلا مرکیل کو 7.2 نشانات حاصل ہوئے ہیں ۔ فرانس کے صدر کو 6.3 ‘ شینزو ابے کو 6.1 اور ولادیمیر پوٹین کو 6 نشانات حاصل ہوئے ہیں۔ صدر امریکہ بارک اوباما کو 6.6 نشانات ملے ہیں جبکہ برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو 6.5 نشانات پر اکتفا کرنا پڑا ہے ۔ عوامی اعتماد کے حصول کے معاملہ میں جن پنگ 94.8 نشانات کے ساتھ اول نمبر پر ہیں۔ مودی کو 93.2 فیصد نشانات ملے ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹین 86.2 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔