جن لوک پال بل : ہزارے سے بھوشن کی ملاقات

عام آدمی پارٹی قائدین کے بعد خارج لیڈر بھی سینئر جہدکار سے رجوع
نئی دہلی ، 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے سابق لیڈر پرشانت بھوشن نے آج اروند کجریوال حکومت کے جن لوک پال بل کے خلاف اپنی جدوجہد سینئر جہدکار انا ہزارے تک لے گئے، جن سے عام آدمی پارٹی اس ہفتے کے اوائل رجوع ہوئی تھی۔ برسراقتدار عام آدمی پارٹی اور سوراج ابھیان جو پارٹی سے خارج شدہ قائدین بھوشن اور یوگیندر یادو کی قیادت والا گروپ ہے، یہ دونوں ہی کو امید ہے کہ ہزارے اُن کی طرفداری کریں گے اور اس طرح انھیں جاریہ تعطل میں بالادستی حاصل ہوجائے گی۔ ہزارے پہلے ہی مجوزہ قانون سازی کی تائید کرچکے ہیں، جسے دہلی حکومت نے اسمبلی میں پیش کردیا ہے۔ یہ اور بات ہے کہ ہزارے نے بعض تجاویز بھی دیئے ہیں۔ جہدکار و قانون داں بھوشن نے ہزارے سے اُن کی قیامگاہ واقع رالیگاؤں سدھی میں ملاقات کی۔ وہ 2011ء کی مخالف کرپشن جن لوک پال تحریک کے ’انڈیا اگینسٹ کرپشن‘ فورم کا حصہ تھے۔ بھوشن مسلسل یہ کہتے آئے ہیں کہ موجودہ بل اُس قانون سازی کا ’’نرم‘‘ چربہ ہے جسے 2014ء میں پیش کیا گیا تھا۔