جن دھن یوجنا کے تحت 3 کروڑ اکاونٹس کھولے گئے

نئی دہلی ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت کابینہ کے اجلاس میں جن دھن یوجنا پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ اس اسکیم کے تحت بینکوں نے 3.02 کروڑ اکاونٹس کھولے ہیں اور تقریباً 1500 کروڑ روپئے کی رقم متحرک کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 8 ستمبر 2014ء تک 3.02 کروڑ اکاونٹس کھولے گئے۔ دیہی علاقوں میں 1.89 کروڑ اور شہری علاقوں میں 1.13 کروڑ اکاونٹ شامل ہیں۔ بینکوں نے اس اسکیم کے تحت اب تک 1,496.51 کروڑ روپئے کی رقم جمع کی ہے جبکہ فی اکاونٹ 495 روپئے کی رقم ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے 28 اگست کو اس یوجنا کا آغاز کیا تھا۔ پردھان منتری جن دھن یوجنا کے فوائد سے موجودہ اکاونٹ ہولڈرس بھی مستفید ہوسکتے ہیں اور اس کے لئے انہیں نیا اکاونٹ کھولنے کی ضرورت نہیں۔ اس اسکیم کو وسعت دینے کے مقصد سے بینکوں کویہ ہدایت دی گئی ہیکہ 26 جنوری تک 7.5 کروڑ اکاونٹس کھولے جائیں۔ اس اسکیم کا مقصد پہلے مرحلہ میں ملک کے 15 کروڑ افراد کو جن کے بینک کھاتے نہیں ہیں، اکاونٹس کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ بینکوں سے یہ بھی کہا گیا ہیکہ ہر ہفتہ کو 8 بجے صبح تا 8 بجے شام کیمپس قائم کریں۔